سبزی منڈی میں16 ریڑھی بانوں کیخلاف مقدمہ درج

سبزی منڈی میں16 ریڑھی بانوں کیخلاف مقدمہ درج

سبزی منڈی میں16 ریڑھی بانوں کیخلاف مقدمہ درجمقدمہ درج کرنے والے ملازم خود ریڑھی بانوں سے رشوت لیتے ہیں :خوانچہ فروش

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا کی فروٹ و سبزی منڈی میں ریڑھیاں کھڑی کرنے اور آمد و رفت میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں 16 محنت کش ریڑھی بانوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مارکیٹ کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر کے حالیہ دورے کے موقع پر کی گئی سرزنش کے بعد عمل میں لائی۔معلوم ہوا ہے کہ سبزی منڈی میں ریڑھیاں لگانے اور پارکنگ کے لیے مخصوص جگہیں مختص ہیں، مگر مارکیٹ کمیٹی کے کچھ افسران و ملازمین کی ملی بھگت سے ریڑھی بانوں نے من مانے مقامات پر ریڑھیاں لگائی تھیں اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ قائم کر دیے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر کے اچانک دورے کے موقع پر نہ تو دفتر میں متعلقہ افسران موجود تھے اور نہ ہی نیلامیاں مناسب نگرانی میں ہو رہی تھیں۔اس صورتحال کے بعد سب انسپکٹر محمد اشتیاق کی مدعیت میں شفیق، جاویدی، محمد اسلم، ملک جبار، نادر مسیح سمیت 16 ریڑھی بانوں کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔منڈی کے خوانچہ فروشوں نے اس اقدام پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ درج کرنے والے ملازم خود ریڑھی بانوں سے رشوت وصول کرتا ہے ، اور اوپر سے نیچے تک مارکیٹ کمیٹی کے افسران و ملازمین کرپشن کے ذریعے مال بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے جبکہ معمولی دوکاندار انتقامی کارروائی کا شکار ہیں۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر سرگودھا کرپٹ مافیا کے خلاف عملی کارروائی کریں تاکہ مارکیٹ میں شفافیت آئے ، مصنوعی مہنگائی کم ہو، اور عوام کو معیاری اور سستی اشیاء میسر آئیں، اور ریونیو سرکاری خزانے میں جائے نہ کہ نجی جیبوں میں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں