کالعدم تنظیموں کی فنڈریزنگ روکنے کیلئے سخت نگرانی
سرگودھا سمیت چاروں اضلاع کے انتظامی افسروں کو مراسلہ جاری ، مشکوک چندہ باکسز کی چھان بین کا حکم،مشکوک سرگرمیوں پر متعلقہ حکام کا آ گاہ کرنے کی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) وزارتِ داخلہ نے رمضان المبارک کے دوران کالعدم تنظیموں کی ممکنہ فنڈ ریزنگ مہم کے پیش نظر سرگودھا سمیت خوشاب، میانوالی اور بھکر میں حساس اداروں کو نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔چاروں اضلاع کے ضلعی افسران کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مختلف تنظیموں کی جانب سے دکانوں اور عوامی مقامات پر رکھے گئے چندہ باکسز کی مکمل چھان بین کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کسی کالعدم تنظیم کو چندہ جمع کرنے کی اجازت نہ ہو۔مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کالعدم تنظیموں کی جانب سے فنڈز جمع کرنے یا مشکوک سرگرمیوں کی کوئی اطلاع موصول ہو تو فوری طور پر متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔