پی ایچ اے کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 48گھنٹے کی ڈیڈلائن
عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا میں پی ایچ اے ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، بلدیہ، واسا سمیت دیگر اداروں کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈلائن، کمشنر نے سخت محکمانہ کارروائی کا عندیہ دیدیا،تفصیل کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف اہم عوامی فلاحی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایجنڈے میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈیپ کلیننگ، گلی محلوں اور قبرستانوں کی صفائی، پارکس کی بحالی اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش شامل تھی۔ اس کے علاوہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور ایل این جی کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے سڑکوں کی مرمت (پیچ ورک)، سٹریٹ لائٹس کی بحالی، زیبرا کراسنگ کی تنصیب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔کمشنر سرگودھا نے اداروں کے سربراہان کو واضح ہدایت کی کہ 2 دن کے اندر کارکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر ان کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں،اس ضمن میں کمشنر سرگودھا بذات خود مختلف تحصیلوں اور اضلاع کے آج سے سرپرائز وزٹ کریں گے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔