بازار،مارکیٹیں رات 8بجے بند کرانے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے،انتظامیہ
خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ،میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس، تندور، بیکریز، ملک شاپس پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا سمیت ضلع بھر میں کاروباری اوقات مقرر، ڈپٹی کمشنر کی اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ، تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے تحت بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار کو محدود کر دیا ہے اور ان احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے انہوں نے بتایا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے ، جبکہ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میرج ہالز، مارکیز اور دیگر کمرشل مقامات بھی رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گے ، جبکہ نجی گھروں اور پراپرٹیز میں شادی بیاہ کی تقریبات بھی رات 10 بجے کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس، تندور، بیکریز، ملک شاپس اور فارمیسیز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز پر واضح کیا کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔