نرسری سسٹم کی بہتری کی تکنیکی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ، ماہرین

 نرسری سسٹم کی بہتری کی تکنیکی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ، ماہرین

مقصد سٹرس کی پیداوار میں اضافہ، بیماریوں کے خاتمے اور برآمدی معیار میں بہتری لانا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت صوبے میں سٹرس سیکٹر کی بحالی، جدید کاری اور پیداوار میں اضافہ کے لیے جامع اصلاحاتی و ترقیاتی پروگرام کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس سرگودھا میں سٹرس سیکٹر کی ترقی، تحقیقاتی نظام کی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا۔ماہرین نے سٹرس کی جدید اقسام، وائرس فری نرسری سسٹم، بیماریوں کی روک تھام، جدید لیبارٹری ٹیسٹنگ اور پیداوار میں اضافے کے لیے جدید زرعی طریقوں پر تفصیلی تجاویز پیش کیں۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ سٹرس انڈسٹری کی پائیدار ترقی کے لیے جدید سائنسی تحقیق اور بین الاقوامی معیار کے نرسری نظام کا نفاذ ناگزیر ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی ویڑن کے تحت سٹرس سیکٹر کی بحالی کے لیے ایک جامع ترقیاتی پروگرام پر عمل جاری ہے جس کے تحت نرسری سسٹم کی بہتری، جدید تحقیقاتی سہولیات کی فراہمی اور باغبانوں کی تکنیکی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد سٹرس کی پیداوار میں اضافہ، بیماریوں کے خاتمے اور برآمدی معیار میں بہتری لانا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق سٹرس سیکٹر کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا کی سٹرس انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کر کے اسے دوبارہ عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ سٹرس انڈسٹری کو درپیش مسائل کے مستقل حل، باغبانوں کی بحالی اور برآمدات کے فروغ کے لیے مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں