پولٹری شیڈز کے 38 کیسز کے این اوسی منظور
سرگودھا کے 6، بھکر کے 15، میانوالی کے 8 اور خوشاب کے 9 کیس منظوری کیلئے پیش ، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ، غفلت برداشت نہیں ، کمشنر لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ انجینئرنگ اور ہائر ایجوکیشن کے شعبوں کی 92 سکیمیں پنجاب حکومت کو ارسال ،لوکل گورنمنٹ کی 49، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 42شامل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی نے پولٹری شیڈز کے 38 کیسز کے این او سی کی منظوری دے دی ، کمیٹی کا اجلاس کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرگودھا کے 6، بھکر کے 15، میانوالی کے 8 اور خوشاب کے 9 کیس منظوری کے لیے پیش کیے گئے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن اشفاق الرحمن خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد نواز اور جامعہ سرگودھا کے ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد اشرف نے شرکت کی،کمشنر سرگودھا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ماحولیات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولٹری شیڈز کے قیام میں ماحولیاتی قوانین اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ عوام کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔کمشنر نے مزید کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی تحفظ میں توازن قائم رکھنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل کرنے کے لیے لوکل گورنمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ہائر ایجوکیشن کے شعبوں کی 92 ترقیاتی سکیمیں تجویز کر کے پنجاب حکومت کو ارسال کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ تجویز کردہ سکیموں میں لوکل گورنمنٹ کی 49، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 42 جبکہ ہائر ایجوکیشن کی ایک سکیم شامل ہے۔