بھکر:ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ
بھکر:ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ دریاؤں ، نہروں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے ،تمام انتظامات مکمل کرنے کا حکم
بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیر صدارت پری فلڈ انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار، اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین رضا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین، ایگزیکٹو انجینئر اریگیشن محمد کامران سمیت متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ انہار کو ہدایت کی کہ دریاؤں اور نہروں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور فلڈ سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں، جبکہ سپر بند کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔
انہوں نے واسا اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ ڈرینیج سسٹم کو مکمل فعال رکھا جائے اور نالوں و گلیوں کی نالیوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے ۔ مزید برآں مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز سے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے اور وہاں نصب موٹرز کو فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کمزور سرکاری و نجی عمارتوں کی نشاندہی، مرمت اور دیکھ بھال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے مصروف مقامات پر فائر ہائیڈرینٹس/ہیڈ پمپ کی تنصیب کے اقدامات مکمل رکھے جائیں۔اجلاس میں 40 ٹی ڈی اے میں ایئر ایمبولینس کے قیام اور دیگر ہنگامی اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کو قبل از وقت حتمی شکل دے کر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔