ذخیرہ اندوزی ،14 ہزار 250 بوریاں گندم برآمد
ذخیرہ اندوزی ،14 ہزار 250 بوریاں گندم برآمد لکھیوال میں گودام پر کارروائی کے دوران 2 ہزار بوریاں گندم برآمد کی گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال خان شمس الرحمن کی قیادت میں محکمہ خوراک اور پیرا فورس پر مشتمل ٹیم نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے مزید14 ہزار 250 بوریاں گندم برآمد کر لیں۔ برآمد شدہ گندم کو فوری طور پر پی آر سنٹر سرگودھا منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق موضع لکھیوال میں ایک گودام پر کارروائی کے دوران 2 ہزار بوریاں گندم برآمد کی گئیں، جبکہ موضع موچیوال میں واقع گودام سے 2 ہزار 3 سو بوریاں قبضے میں لی گئیں۔ اسی طرح موضع ابووالا میں دو مختلف گوداموں پر کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 3 ہزار 750 بوریاں گندم برآمد ہوئیں۔ مزید کارروائیوں میں موضع بلوچاں سے 3 ہزار 6 سو بوریاں گندم قبضے میں لی گئیں، جبکہ موضع سیال شریف میں ایک گودام سے 6 سو بوریاں برآمد کی گئیں۔ اسی طرح موضع نوری والا میں دو مختلف گوداموں پر چھاپوں کے دوران ایک، ایک ہزار بوریاں گندم برآمد کر لی گئیں۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا ہے کہ گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔