ایشیا کی بڑی سٹون کریشنگ مارکیٹ کیلئے تعمیرڈرین کا افتتاح
42کروڑ 40لاکھ سے تعمیر ڈرین بارشی پانی کی مؤثر نکاسی کو یقینی بنائے گی،سردار شیر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر معدنیات پنجاب سردار شیر علی خان گورچانی نے تحصیل سلانوالی کے قریب چک نمبر 123 جنوبی میں ایشیا کی سب سے بڑی سٹون کریشنگ مارکیٹ کے لیے 42 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ڈرین کا افتتاح کر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودھا میں 43 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹون کریشنگ انڈسٹری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت اس شعبے سے وابستہ مزدوروں اور کاروباری افراد کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چک نمبر 116، 123 اور 126 جنوبی سمیت سٹون کریشنگ مارکیٹ کے اطراف بارش کے دوران پانی جمع ہونے سے مزدوروں، صنعت سے وابستہ افراد اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا تھا۔ 42 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی نئی ڈرین بارشی پانی کی مؤثر نکاسی کو یقینی بنائے گی، جس سے نہ صرف تینوں دیہات بلکہ پوری سٹون کریشنگ مارکیٹ کو ریلیف ملے گا اور کاروباری سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments