بھلوال :نکاسیٔ آب کے انتظامات پھر ناکام ، شہریوں کو مشکلات
بھلوال :نکاسیٔ آب کے انتظامات پھر ناکام ، شہریوں کو مشکلات پانی جمع ہو گیا، آمدورفت متاثر ، دکانداروں کی کاروباری سرگرمیاں متاثر
بھلوال (نمائندہ دنیا)مون سون کی بارشوں کے بعد بھلوال میں نکاسیٔ آب کے انتظامات ایک بار پھر امتحان میں ناکام دکھائی دیے ، جہاں متعدد علاقے کئی گھنٹوں تک بارشی پانی میں ڈوبے رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رات بھر ہونے والی بارش کے بعد نور حیات کالونی، منظور حیات کالونی، مختار کالونی، مین بازار اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی اور دکانداروں کی کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر رہیں۔ شہریوں کو گلیوں اور سڑکوں پر جمع پانی سے گزر کر اپنی منزل تک پہنچنا پڑا۔مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گلی محلوں میں کئی ہفتوں سے صفائی نہ ہونے کے باعث نکاسیٔ آب کا نظام متاثر ہوا، جبکہ میونسپل کمیٹی کے عملے نے شہر سے پانی نکالنے کے لیے اقدامات کیے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال مون سون سے قبل نالوں کی صفائی اور نکاسیٔ آب بہتر بنانے کے دعوے کیے جاتے ہیں، لیکن بارش شروع ہوتے ہی یہ انتظامات ناکافی ثابت ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث معمول کی بارش بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا سبب بن جاتی ہے ۔اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا، اسسٹنٹ کمشنر بھلوال اور میونسپل کمیٹی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جمع شدہ پانی کی فوری نکاسی، نالوں کی صفائی اور مون سون کے دوران ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments