10 گھنٹوں میں مرکزی شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیا
10 گھنٹوں میں مرکزی شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیاڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری صبح سویرے ہی فیلڈ میں پہنچ گئے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)شہر میں ہفتہ کے روز 165 ملی میٹر ریکارڈ بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ، واسا، ستھرا پنجاب، میونسپل کارپوریشن، کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں نے مشترکہ ہنگامی آپریشن کے ذریعے شہر کے بڑے کاروباری مراکز اور اہم شاہراہوں سے بارشی پانی کی نکاسی یقینی بنائی۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری صبح سویرے ہی فیلڈ میں پہنچ گئے اور دن بھر مختلف علاقوں، ڈسپوزل اسٹیشنز اور نکاسی آب کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے آپریشن کی خود نگرانی کرتے رہے ۔ انہوں نے سول ہسپتال چوک، کچہری بازار، امین بازار، سٹی روڈ، خوشاب روڈ، گول چوک، بلاک نمبر 12، عیدگاہ روڈ، لاری اڈا، مسلم بازار، قینچی موڑ، 49 ٹیل، 47 پل، سلانوالی روڈ ڈسپوزل، رحمت للعالمین پارک، اسلام پورہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، گل والا اور دیگر نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ ارسلان حیدر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جبکہ 200 سے زائد ورکرز، سکشن مشینیں اور دیگر مشینری مسلسل نکاسی آب میں مصروف رہیں۔ کمپنی باغ کے 15 لاکھ گیلن اور رحمت للعالمین پارک کے 10 لاکھ گیلن گنجائش والے زیرِ زمین واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی مکمل طور پر استعمال کیے گئے تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی ممکن بنائی جا سکے ۔
یونیورسٹی روڈ پر 47 پل کے ڈسپوزل کی موٹر خراب ہونے کے باوجود متبادل موٹر نصب کر کے آپریشن بحال کر دیا گیا، جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ اور واسا نے مشترکہ طور پر اس علاقے سے پانی کی نکاسی کا عمل تیز رکھا۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واسا کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، اسی لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور نکاسی آب کا آپریشن آخری متاثرہ علاقے تک بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریکارڈ بارش کے باوجود تقریباً 10 گھنٹوں میں شہر کے بڑے کاروباری مراکز اور اہم شاہراہوں سے پانی نکال کر ٹریفک بحال کر دی گئی اور کاروباری سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ گئیں، جبکہ نشیبی آبادیوں سے پانی کی نکاسی کا عمل رات بھر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments