آن لائن الیکٹرانک جوئے کے اڈہ پکڑا گیا،5افراد گرفتار
تین لیپ ٹاپ، متعدد موبائل فون، دو ایل ای ڈیز، دو انٹرنیٹ ڈیوائسزبرآمد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے رضا گارڈن میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر آن لائن الیکٹرانک جوئے کے اڈے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ پولیس کے مطابق ایس ایچ او فیکٹری ایریا اپنی ٹیم کے ہمراہ گشت پر تھے کہ مخبر نے اطلاع دی کہ رضا گارڈن میں ایک مکان کی دوسری منزل پر چند افراد لیپ ٹاپ کے ذریعے الیکٹرانک جواء کھیل رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری چھاپہ مار کر پانچ افراد نوید احمد، عبداﷲ، نعمان، ضیاء قاسم اور ذیشان نبی کو موقع سے گرفتار کر لیا ،ملزمان کی تلاشی کے دوران تین لیپ ٹاپ، متعدد موبائل فون، دو ایل ای ڈیز، دو انٹرنیٹ ڈیوائسز، دو لیپ ٹاپ چارجر، دو کی بورڈ، ایک کیلکولیٹر، حساب کتاب کے آٹھ رجسٹر اور 5 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے ، جنہیں قبضے میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی گئی،پولیس کے مطابق برآمد ہونے والا سامان مبینہ طور پر آن لائن الیکٹرانک جوئے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ملزمان کے خلاف قمار بازی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ برآمد شدہ سامان فرانزک و تکنیکی جانچ کے لیے بھی بھجوایا جا سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments