گھروں کی چھتوں پر کوڑا کرکٹ جلانے کا سلسلہ جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کرسچین بستی نوری گیٹ میں مبینہ طور پر رات کے اوقات میں گھروں کی چھتوں پر کوڑا کرکٹ جلانے کا سلسلہ جاری جس کے نتیجے میں پورا علاقہ زہریلے دھویں کی لپیٹ میں آ جاتا ہے ۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ مسلسل پھیلنے والے دھویں سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے ، جبکہ پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریوں کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بعض افراد صرافہ بازار سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرکے رات گئے اسے چھتوں پر لے جاتے ہیں اور مبینہ طور پر اس میں مختلف کیمیکل شامل کرکے آگ لگا دیتے ہیں، اس عمل کے ذریعے جلے ہوئے مواد سے سونا حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ یہ سرگرمیاں رات کے اندھیرے میں انجام دی جاتی ہیں تاکہ کسی سرکاری محکمے کی توجہ نہ جا سکے ،حکومت کی جانب سے کوڑا کرکٹ جلانے پر پابندی عائد ہے ، تاہم اس کے باوجود یہ مبینہ غیر قانونی عمل جاری ہے ۔ انہوں نے کمشنر سرگودھا، ڈپٹی کمشنر سرگودھا، محکمہ ماحولیات، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ’ اس مافیا کے خلاف کاروائی رات کے وقت کی جائے تاکہ موقع پر ذمہ داران کیخلاف قانونی کاروائی ہوسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments