مثالی گاؤں کے منصوبے پر غفلت برداشت نہیں ہو گی،ڈپٹی کمشنر
مثالی گاؤں کے منصوبے پر غفلت برداشت نہیں ہو گی،ڈپٹی کمشنر مقررہ ٹائم پر سختی سے عمل کیا جائے اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مثالی گاؤں پروگرام کے منصوبے پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سستی، کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اس امر کا اظہار انہوں نے مثالی گاؤں پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف آفیسر ضلع کونسل اسد ہریا، متعلقہ کنسلٹنٹس، ضلع کونسل کے مانیٹرنگ افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام دیہات کا اسکوپ فائنل ہو چکا ہے ، اس لیے ہر منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو پائیدار اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا میں فیز ون میں 2 ارب 16 کروڑ روپے کی لاگت سے 18 دیہات میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں میں پی سی سی سڑکوں کی تعمیر، ڈرینوں کی اپ گریڈیشن، ٹف ٹائلز، انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک، واٹر سپلائی، ٹیوب ویلز، اوور ہیڈ واٹر ٹینکس اور دیگر میونسپل انفراسٹرکچر کی فراہمی شامل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments