ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کی واحد سرکاری ایم آر آئی مشین 3 روز سے خراب، مریض پریشان
مشین کی بندش کے باعث بڑی تعداد میں مریضوں کے ٹیسٹ التوا کا شکار ،مریضوں کو مجبوراً نجی مراکز سے رجوع کرنا پڑ رہا ، کئی مریضوں کے علاج میں تاخیر کا خدشہ ، مشین جلد فعال ہو جائیگی:انتظامیہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں نصب سرکاری سطح کی واحد ایم آر آئی مشین گزشتہ تین روز سے فنی خرابی کے باعث بند ہے ، جس کے باعث سرگودھا سمیت ڈویژن کے دیگر اضلاع خوشاب، میانوالی اور بھکر سے آنیوالے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال میں معمول کے مطابق روزانہ تقریباً 60 سے 70 مریضوں کے ایم آر آئی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ مشین کی تین روز سے بندش کے باعث بڑی تعداد میں مریضوں کے ٹیسٹ التوا کا شکار ہوگئے ہیں، جبکہ فوری تشخیص کے منتظر مریضوں کو مجبوراً نجی مراکز سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے ۔کئی مریض اضافی اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے ، جس کے باعث ٹیسٹ نہ ہونے کی صورت میں ان کے علاج میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ سرکاری ایم آر آئی مشین کی خرابی کے باعث نجی ہسپتالوں اور تشخیصی مراکز میں مریضوں کا رش بڑھ گیا ہے ۔ بعض مراکز کی جانب سے ایم آر آئی کے معمول کے نرخوں میں اضافے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں جدید تشخیصی سہولت فراہم کرنے والی واحد مشین کا مسلسل تین روز تک بند رہنا تشویشناک ہے ،شہری حلقوں نے محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایم آر آئی مشین کی خرابی فوری دور کرکے اسے فعال کیا جائے ہسپتال انتظامیہ کا کہنا کہ انجینئرز کی ٹیم گزشتہ دو روز سے مشین کی بحالی کیلئے مصروفِ عمل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments