ہلکی چادر سے تیارکردہ گیس سلنڈروں کی کھلے عام فروخت، زندگیاں سنگین خطرات سے دوچار
کمزور چادر سے تیار کردہ سلنڈر میں گیس بھرنے کے بعد معمولی نوعیت کی خرابی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ،سلنڈر کو حرارت ملنے کی صورت میں دھماکے کا خدشہ رہتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع میں چیک اینڈ بیلنس کے مؤثر نظام کے فقدان کے باعث غیر معیاری اور ہلکی چادر سے تیار کردہ گیس سلنڈروں کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ نہ رک سکا، دکاندار شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کرنے کے باوجود سلنڈروں کی موقع پر چیکنگ کی سہولت بھی فراہم نہیں کر رہے ، جس کے باعث گھریلو صارفین نہ صرف اضافی اخراجات برداشت کرنے پر مجبور ہیں بلکہ غیر معیاری سلنڈروں کی صورت میں ان کی زندگیاں بھی سنگین خطرات سے دوچار ہیں،ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں اور بازاروں میں گیس سلنڈروں کی فروخت کرنیوالے بعض دکاندار مبینہ طور پر کم معیار اور ہلکی چادر سے تیار کردہ سلنڈر فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا کہ دکاندار سلنڈر کی مضبوطی، معیار اور فٹنگ کے حوالے سے مناسب جانچ پڑتال کیے بغیر ہی گاہک کے حوالے کر دیتے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر سلنڈر کی قیمت بھی معیار کے تناسب سے غیر معمولی طور پر زیادہ وصول کی جا رہی ہے ۔ گیس سلنڈر جیسی حساس اور خطرناک چیز کی خریداری کے وقت دکاندار کی ذمہ داری بنتی کہ وہ صارف کو معیاری، محفوظ اور مکمل طور پر چیک شدہ سلنڈر فراہم کرے ،غیر معیاری یا کمزور چادر سے تیار کردہ سلنڈر میں گیس بھرنے کے بعد معمولی نوعیت کی خرابی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ، جبکہ گیس لیکیج، زیادہ دباؤ یا سلنڈر کو حرارت ملنے کی صورت میں دھماکے کا خدشہ موجود رہتا ہے ۔ ایسے سلنڈر گھروں میں موجود ہوں تو کسی بھی وقت آگ لگنے یا دھماکے کی صورت میں انسانی جانوں اور املاک کو بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments