بھیرہ کو ناجائز تجاوزات سے پاک نہیں کیا جا سکا

 بھیرہ کو ناجائز تجاوزات سے پاک نہیں کیا جا سکا

شہریوں کا پیدل چلنا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا مشکل ہو گیا

بھیرہ(نامہ نگار)پیرا فورس، ستھرا پنجاب اور میونسپل کمیٹی بھیرہ کا تجاوزات کے خاتمے کے لیے عملہ موجود ہونے کے باوجود شہر کو ناجائز تجاوزات سے پاک نہیں کیا جا سکا۔ جنرل بس اسٹینڈ، پھلروان روڈ، چوک دروازہ چکوالا اور اندرون شہر مختلف مقامات پر ناجائز تجاوزات کی بھرمار کے باعث شہریوں کا پیدل چلنا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔ شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور گزرگاہوں پر تجاوزات کے باعث آمدورفت میں رکاوٹیں معمول بن چکی ہیں، جبکہ سکولوں میں چھٹی کے اوقات میں طلبہ و طالبات کو بھی گھر واپسی کے دوران شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ رش اور راستوں کی بندش کے باعث شہریوں، بالخصوص خواتین، بزرگوں اور بچوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں اور عملے کی موجودگی کے باوجود صورتِ حال میں بہتری نہ آنا تشویش ناک ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا، اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ اور میونسپل کمیٹی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل بس اسٹینڈ، پھلروان روڈ، چوک دروازہ چکوالا اور اندرون شہر تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز مؤثر آپریشن کیا جائے ، پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کھلوائے جائیں اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...