عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی:کمشنر
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی:کمشنرمحکمانہ امور میں غفلت، بددیانتی اور کام چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ڈویژن بھر کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور شفافیت، میرٹ اور جواب دہی کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ وہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کر رہے تھے ۔اس موقع پر کمشنر نے درخواست گزاروں کے انفرادی اور اجتماعی مسائل سنے اور متعلقہ افسروں کو شکایات کے فوری ازالے اور محکمانہ امور ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے شہریوں کے محکمہ مال، صحت، تعلیم، واسا، ہارٹیکلچر ایجنسی اور دیگر محکموں سے متعلق مسائل و شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے چاہئیں، جبکہ تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق بروقت کارروائی ہونی چاہیے ۔ محکمانہ امور میں غفلت، بددیانتی اور کام چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی کے مرتکب ملازمین سے سخت باز پرس ہوگی۔کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ شعبوں میں عملے کی کارکردگی کی کڑی نگرانی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ تمام سرکاری امور مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments