انسداد ڈینگی مہم ، ناقص کارکردگی پر کارروائی کا فیصلہ

انسداد ڈینگی مہم ، ناقص کارکردگی پر کارروائی کا فیصلہ

تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں رپورٹس اور فیلڈ میں ہونے والی اصل سرگرمیوں کے درمیان فرق سامنے آنے پر نوٹس لیا گیا، فیلڈ اہلکاروں کو شوکاز نوٹسز بھی جاری آئندہ مہم کے دوران بھی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے اور اہلکاروں کی جانب سے مناسب جواب نہ ملنے پر انفرادی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا، ذرائع

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا ڈویژن میں انسدادِ ڈینگی مہم کے دوران ناقص کارکردگی دکھانے والے فیلڈ اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا، ڈینگی سرویلنس میں غفلت اور اہداف پورے نہ کرنے والے ملازمین کے خصوصی الاؤنسز کی کٹوتی کیساتھ پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی بھی کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق مہم کے دوران مختلف علاقوں سے کاغذی کارروائی کی بنیاد پر تسلی بخش کارکردگی اور ڈینگی کے خطرات نہ ہونے کی رپورٹس اعلیٰ حکام کو بھجوائی جاتی رہیں جس سے انتظامیہ کو زمینی صورتحال بہتر ہونے کا تاثر ملتا رہا، تاہم تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں ان رپورٹس اور فیلڈ میں ہونیوالی اصل سرگرمیوں کے درمیان فرق سامنے آنے پر معاملے کا نوٹس لیا گیا ناقص کارکردگی کی نشاندہی کے بعد مختلف علاقوں کے فیلڈ اہلکاروں کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ڈویژنل انتظامیہ نے بھی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین اور کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مہم کے دوران بھی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے اور اہلکاروں کی جانب سے مناسب جواب نہ ملنے پر انفرادی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...