گنے کا 375 فی من ریٹ کسی صورت قبول نہیں:منیب سلطان
گنے کا 375 فی من ریٹ کسی صورت قبول نہیں:منیب سلطان پیداواری اخراجات نے پہلے ہی کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا)سابق صوبائی وزیر منیب سلطان چیمہ نے گنے کی قیمت 375 روپے فی من مقرر کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نرخ کسانوں کے لیے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ مہنگی کھاد، ڈیزل، بجلی، زرعی ادویات اور دیگر پیداواری اخراجات نے پہلے ہی کاشتکاروں کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے ، ایسے میں گنے کی کم قیمت مقرر کرنا کسانوں کے معاشی استحصال کے مترادف ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسان دن رات محنت کرکے ملک کی غذائی ضروریات پوری کرنے اور معیشت کا پہیہ چلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے انہیں اپنی فصلوں کا مناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لے اور کسانوں کے پیداواری اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے گنے کی مناسب اور منصفانہ قیمت مقرر کرے ۔منیب سلطان چیمہ نے مطالبہ کیا کہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا جائے اور شوگر ملز کی جانب سے کسانوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ گنے کا 375 روپے فی من ریٹ کسی صورت قبول نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو زراعت ترقی کرے گی اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا نعرہ ہے : کسان بچاؤ، زراعت بچاؤ، پاکستان بچاؤ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments