خو شاب :آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلو سے بڑھ گئی
خو شاب :آٹے کی قیمت 160 روپے فی کلو سے بڑھ گئی جوہرآباد میں روٹی 20 روپے میں فروخت ہونے لگی، سرکاری نرخ نظرانداز
خوشاب (نمائندہ دنیا )گندم کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ہی ضلع خوشاب میں آٹے کی فی کلو قیمت 160 روپے سے تجاوز کر گئی، جس کے بعد تندور مالکان نے بھی روٹی کی قیمت بڑھا کر 20 روپے کر دی ہے ، جبکہ سرکاری سطح پر 100 گرام روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر ہے ۔تندور مالکان سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد ضروری نہیں سمجھتے ، جس کے باعث مہنگائی اور غربت کے ستائے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث عوام کو مہنگی روٹی خریدنا پڑ رہی ہے اور متعلقہ حکام اس صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ضلع خوشاب کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندم کی نئی فصل آنے میں ابھی مزید کئی ماہ باقی ہیں۔ اگر موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو روٹی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تندور مالکان کو سرکاری نرخ نامے کا پابند بنایا جائے اور شہریوں کو مناسب قیمت پر روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments