تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز، مزید 3 دکانیں سیل
تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز، مزید 3 دکانیں سیل دکانوں کے باہر غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان بھی ہٹا کر قبضے میں لیا گیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد ادریس کی زیر نگرانی اندرون شہر تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اَپ جاری ہے ۔ سینئر انکروچمنٹ آفیسر ملک منصور نے انسپکٹرز محمد شعیب، عمر گجر اور دیگر عملے کے ہمراہ شاہین چوک، لیاقت مارکیٹ، مسلم بازار، بلاک نمبر 12، کارخانہ بازار اور میاں خان روڈ سمیت مختلف بازاروں میں کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے پر مزید 3 دکانیں سیل کر دیں، جبکہ تجاوزات کی مد میں رکھا گیا بھاری سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس دوران دکانوں کے باہر غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان ہٹا کر قبضے میں لیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) محمد ادریس نے کہا کہ شہریوں اور دکانداروں کی سہولت، بازاروں میں آمدورفت کی روانی اور ٹریفک کی بہتری کے لیے تجاوزات کا مکمل خاتمہ ضروری ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے تک آپریشن کلین اَپ جاری رہے گا۔انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments