چائلڈ لیبر: بچے تعلیم چھوڑ کر مزدوری پر مجبور
محکمہ لیبر ویلفیئر کی کارروائیاں بھی اس سنگین مسئلے پر قابو پانے میں مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں،مہنگائی اور معاشی مشکلات میں اضافے نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ہوشربا مہنگائی، بڑھتی ہوئی غربت اور گھریلو آمدن میں کمی نے کمسن بچوں سے ان کا بچپن چھین لیا ہے ۔ دو وقت کی روٹی کے حصول کی خاطر بچے تعلیم اور کھیل کود سے محروم ہو کر ہوٹلوں، ورکشاپوں، کھیتوں، فیکٹریوں، کارخانوں، تجارتی مراکز اور گھروں میں محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے محکمہ لیبر ویلفیئر کی کارروائیاں بھی اس سنگین مسئلے پر قابو پانے میں مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔سرگودھا اور گردونواح میں کم عمر بچوں سے محنت و مشقت لینے کا سلسلہ مختلف شعبوں میں جاری ہے ۔
معصوم بچے والدین کی معاشی مجبوریوں، کم آمدن اور گھریلو اخراجات کا بوجھ اٹھانے کے لیے اپنی تعلیم، کھیل اور بچپن کی خوشیوں سے محروم ہو رہے ہیں۔ سڑکوں کے کنارے قائم ہوٹلوں، ورکشاپوں، کھیتوں، فیکٹریوں، کارخانوں اور تجارتی مراکز میں کم عمر بچوں کو کام کرتے دیکھنا معمول بنتا جا رہا ہے ، جبکہ بعض بچے گھروں میں بھی محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔گزشتہ دو برس کے دوران مہنگائی اور معاشی مشکلات میں اضافے نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔ غریب خاندانوں کے لیے اپنے بچوں کو مزدوری سے ہٹا کر تعلیم دلوانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔محکمہ لیبر کے مطابق کارروائیوں کے دوران بچوں کو مشقت سے بازیاب بھی کروایا جاتا ہے ، تاہم والدین کی مالی مجبوریوں اور گھریلو ضروریات کے باعث بعض بچے دوبارہ مزدوری پر لگ جاتے ہیں۔ اس صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ محض چھاپوں اور عارضی بازیابی کے ذریعے چائلڈ لیبر کا مستقل خاتمہ ممکن نہیں۔دوسری جانب شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے صرف کارروائیاں اور اعلانات کافی نہیں، بلکہ غریب خاندانوں کی معاشی معاونت، بچوں کے تعلیمی اخراجات کی فراہمی اور ان کی مستقل بحالی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت ایک طرف ناخواندگی کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے دعوے کرتی ہے ، تو دوسری طرف غربت کے باعث مزدوری کرنے والے بچوں کو دوبارہ تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے مؤثر اور مستقل سہولیات فراہم کرنا بھی ضروری ہے ۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے خصوصی بحالی مراکز قائم کیے جائیں، مستحق خاندانوں کے بچوں کے لیے تعلیمی وظائف اور مالی معاونت کا انتظام کیا جائے ، بازیاب ہونے والے بچوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور محکمہ لیبر کو محض رسمی کارروائیوں کے بجائے نتیجہ خیز اقدامات کا پابند بنایا جائے ، تاکہ غربت کے ہاتھوں مزدوری پر مجبور بچوں کو تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کا حق مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments