بنیادی مراکز صحت کی آوٹ سورسنگ، میں بے ضابطگیاں

بنیادی مراکز صحت کی آوٹ سورسنگ، میں بے ضابطگیاں

130 سے زائد بنیادی مراکز صحت میں تجربہ کار طبی اور معاون عملے کی جگہ کم اجرت پر غیر تربیت یافتہ ملازمین کی تعیناتی،صحت عامہ کا منصوبہ مشکلات کا شکار ہو گیا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ضلع بھر کے 130 سے زائد بنیادی مراکز صحت کی آؤٹ سورسنگ کے بعد تجربہ کار طبی اور معاون عملے کی جگہ کم اجرت پر غیر تربیت یافتہ ملازمین کی تعیناتی، انتظامی معاملات میں بے ضابطگیوں اور مؤثر نگرانی کے فقدان نے صحت عامہ کے اس منصوبے کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق آؤٹ سورسنگ کے ابتدائی مراحل میں ہی بعض مراکز ٹھیکیداروں نے اپنے رشتہ داروں اور قریبی عزیزوں کے حوالے کر دیے تھے ، جنہیں ہسپتال چلانے اور طبی انتظامات کا خاطر خواہ تجربہ حاصل نہیں، جبکہ متعدد مراکز میں پہلے سے کام کرنے والے تجربہ کار ملازمین کو فارغ کرکے 20 سے 30 ہزار روپے ماہانہ پر غیر تربیت یافتہ عملہ بھرتی کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔تازہ صورتحال میں بھی ان انتظامی تبدیلیوں کے اثرات مقامی آبادی کو درپیش علاج معالجے کی مشکلات کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں، جبکہ طبی عملے کی اہلیت، ادویات کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مراکز کی مجموعی کارکردگی جانچنے کے لیے مقامی سطح پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس اور واضح مانیٹرنگ گائیڈ لائنز کی عدم موجودگی بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کونسلوں کا کردار بھی محدود ہو کر رہ گیا ہے اور بعض مراکز میں مالی و انتظامی معاملات پر ان کی مؤثر نگرانی نظر نہیں آ رہی، جس سے آؤٹ سورسنگ کرنے والے ٹھیکیداروں کے احتساب کا نظام بھی غیر مؤثر دکھائی دیتا ہے ۔دوسری جانب تمام بنیادی مراکز صحت کو مریم نواز ہیلتھ کلینکس کا نام دینے اور نئے بورڈز کی تنصیب پر سرکاری وسائل خرچ کیے جانے کے باوجود بنیادی طبی سہولیات اور سروس ڈیلیوری میں بہتری کے حوالے سے مطلوبہ نتائج سامنے نہیں آ سکے ۔شہریوں اور متعلقہ علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے بنیادی مراکز صحت کی بہتری اور عوام کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اگر عملے کی قابلیت، ادویات کی فراہمی، مریضوں کے علاج اور مالی معاملات کی مسلسل نگرانی نہ کی گئی تو یہ منصوبہ عوامی ریلیف کے بجائے مزید مسائل پیدا کر سکتا ہے ۔

عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آؤٹ سورس مراکز کا غیر جانبدارانہ معائنہ کرایا جائے ، ہر مرکز کے لیے واضح مانیٹرنگ گائیڈ لائنز اور مقامی سطح پر جواب دہی کا نظام بنایا جائے ، غیر تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کا نوٹس لیا جائے اور ہیلتھ کونسلوں کو فعال بنا کر علاج معالجے کی سہولیات کی بہتری یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...