آٹا مہنگا فروخت کرنے پر آج سے کریک ڈائون شروع
انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی کارروائیوں کی تیاریاں مکمل ،آٹے کی فراہمی مزید بہتر بنانے کیلئے یومیہ 15 ہزار 540 تھیلے کر دیا گیا 21فلور ملوں سے سبسڈی والے 10 کلوآٹے کی سیل پوائنٹس تک فروخت کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے ، گندم ذخیرہ کرنے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف آج جمعہ سے خصوصی کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے ، حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے کارروائیوں کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ آٹے کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے سرکاری کوٹہ دگنا کرکے یومیہ 15 ہزار 540 تھیلے کر دیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محسن گجر کے مطابق ضلع بھر میں گندم اور آٹے کے وافر ذخائر موجود ہیں اور قلت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، شہریوں کو مقررہ سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 24 نومبر سے نئے کوٹے کے تحت سپلائی بھی شروع کر دی گئی ہے ، جس کے تحت روزانہ 10 کلوگرام آٹے کے 15 ہزار 540 تھیلے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرگودھا کی فلور ملز کو یومیہ 2 ہزار 220 بوری گندم فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں بھی گندم باآسانی دستیاب ہے ، تاہم فلور ملز کی جانب سے نجی گندم کی خریداری، آٹے کی تیاری اور سپلائی کے نظام کی نگرانی مزید سخت کی جا رہی ہے ۔ ضلع کی 21 فلور ملوں سے سبسڈی والے 10 کلوگرام آٹے کی سیل پوائنٹس تک ترسیل اور فروخت کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جو سرکاری آٹے کی سپلائی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو چیک کریں گی۔ محکمہ خوراک کے مطابق آج سے شروع ہونے والے کریک ڈاؤن کے دوران مصنوعی قلت پیدا کرنے ، ذخیرہ اندوزی، سرکاری آٹے کی غیر قانونی فروخت اور مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments