لالہ موسیٰ:لاک ڈائون کی خلاف ورزی ،20 دکانیں سیل
دکانیں کھلتے ہی انتظامیہ متحر ک ، متعدد کو جرمانے ،اعتماد میں نہیں لیا گیا :تاجر
لالہ موسیٰ(نمائندہ دنیا )شہر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 20سے زائد د کانیں سیل کر دی گئیں ۔ تفصیل کے مطابق ہفتہ کے روز صبح کے وقت تاجروں نے د کانیں کھول لیں علم ہوتے ہی انتظامیہ بازاروں میں پہنچ گئی اورکھلی د کانوں کو سیل کردیاجبکہ کئی د کانداروں کو جرمانے بھی کئے گئے ۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عثمان سرور کاکہناہے کہ تاجر برادری کوعلم تھاکہ ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن ہے تو انہوں نے د کانیں کیوں کھولیں، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کومعاف نہیں کیاجائے گا۔ دوسری طرف مرکزی انجمن تاجران کے صدر نعیم اشرف نے کہاکہ انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے ہمیں اعتمادمیں نہیں لیا،د کانداروں کیساتھ پولیس گردی کی مذمت کرتے ہیں، جلد ڈی سی گجرات سے ملاقات کرکے زیادتی سے آگاہ کرینگے ۔