مبینہ مقابلے ،5ڈاکواپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
گوجرانوالہ میں نعیم اور اویس ،قصور میں عادل ،منڈی فیض آباد میں مصطی مارا گیا گوجرہ میں اطہر ولی ہلاک،ماچھی سنگھ میں بچی سے زیادتی کی کوشش کرنیوالاگرفتار
گوجرانوالہ ،قصور،ننکانہ صاحب ،گوجرہ (کرائم رپورٹر ،نمائندگان دنیا)گوجرانوالہ ،قصور ،ننکانہ صاحب اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلوں میں 5ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں تین مبینہ مقابلے ہوئے ، واہنڈو میں خطرناک ڈاکونعیم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، اس کے 2ساتھی فرار ہوگئے ۔ تتلے عالی میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو اویس اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ،اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے ۔باغبانپورہ گوجرانوالہ میں منشیات فروش شہباز عرف کالا پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیاگیا،اس کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ سی سی ڈی اہلکارکھارا روڈ بائی پاس قصور میں گشت کررہے تھے کہ تین موٹرسائیکل سواروں نے رکنے کا اشارہ کرنے پر فائرنگ کردی ، ایک ڈاکو عادل کواپنے ساتھیوں کی گولی لگی ،وہ بابابلھے شاہ ہسپتال قصور میں علاج کے دوران چل بسا ،اس کے بارے میں علم ہوا کہ وہ نومسلم تھا ۔
ننکانہ صاحب میں تھانہ منڈی فیض آباد کی حدود میں پولیس نے ترکھانوالہ روڈ پر دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں غلام مصطفی عرف مصطی نامی ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولی کا نشانہ بن گیا ،وہ 36مقدمات میں مطلوب تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سی سی ڈی پولیس اہلکار جھنگ روڈ پر گشت کررہے تھے کہ چک نمبر 307 ج ب کے قریب تین موٹر سائیکل سوار افراد کو روکا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی ۔ پولیس نے ایک ڈاکواطہر ولی عرف اظہار شاہ سکنہ اگوکی سیالکوٹ کو زخمی حالت میں پکڑ لیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔بصیر پور میں رکن پورہ روڈپربھٹہ چوک کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زدمیں آکر 22مقدمات میں ریکارڈیافتہ خطرناک ڈاکوماجدزخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ۔تھانہ قبولہ کے علاقہ ماچھی سنگھ کے قریب پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم ابراہیم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا جس نے ایک روز قبل قبولہ میں 6 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کی تھی ،ملزم اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوا جو موقع سے فرار ہوگیا۔