جڑانوالہ:گیس سلنڈر دھماکا ، 2 بچوں سمیت 5 افراد زخمی
تھانہ سٹی کی حدود میں واقع مکان کا ایک حصہ مکمل زمین بوس ہو گیا ریسکیو 1122کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں ،تحقیقات کا آغاز
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)تھانہ سٹی کی حدود، محلہ فاروق پارک میں ایک رہائشی مکان میں اچانک گیس سلنڈر پھٹنے سے دو بچوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ مکان کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا اور ملبے تلے دب کر کئی افراد زخمی ہوئے ۔اسسٹنٹ کمشنر اورنگزیب اور دیگر انتظامی افسر بھی موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ مزید ممکنہ خطرات کے پیش نظر علاقے کو عارضی طور پر گھیرے میں لے لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔