غیر ملکی کرنسی ،سونا دبئی سمگل کرنیوالے گروہ کا سرغنہ گرفتار
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )غیر ملکی کرنسی اور سونا بڑی مقدار میں دبئی سمگل کرنے والے گروہ کا انکشاف ،ایف آئی اے نے چن دا قلعہ میں چھاپہ مار کر غیر ملکی کرنسی اور سونا دبئی سمگل کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔
سرغنہ کی شناخت عدیل طاہر کے نام سے ہوئی ، جس کے قبضے سے 3 کروڑ روپے کا سونا اور 50 لاکھ روپے کی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی ۔عدیل طاہر کے گروہ میں محکمہ کسٹمز کے 3 انسپکٹرز بھی شامل ہیں،محکمہ کسٹمز کے انسپکٹرز سونا اور کرنسی سمگل کرنے والے گروہ کے سہولت کار ہیں۔ڈپٹی ڈائر یکٹر ایف آئی اے کے مطابق محکمہ کسٹمز کے انسپکٹرز پاکستانی ایئر پورٹس سے سونا اور کرنسی سمگل کر انے میں سہولت کاری کرتے ہیں، گرفتار ملزم دبئی جانے والی فیملیز کے ذریعے سونا اور کرنسی سمگل کرتے تھے ،گرفتار ملزم بیرون ملک جانے والی فیملیز کو مفت ٹکٹ اور رقم کا لالچ دیتے تھے ، ملزم کرنسی اور سونا دبئی سمگل کر کے وہاں سے آئی فونز پاکستان لاتے ہیں ۔ایف آئی اے نے سرغنہ عدیل طاہر اور 8 ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا اور سونا و کرنسی دبئی سمگل کرنے میں سہولت کاری میں ملوث کسٹمز کے 3 انسپکٹرز کو بھی مقدمہ میں نامزد کر لیا ۔نامزد کسٹمز انسپکٹرز سمیت دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں