بنوں:لڑکی پرشدت پسندوں کا تشدد، عوامی حلقوں میں اضطراب
علما ، سماجی حلقوں کا واقعہ کی تحقیقات، ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کامطالبہ
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایک کمسن لڑکی پرشدت پسندوں کے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق لڑکی نے گھر کی معاشی مشکلات کے باعث والدین کی مدد کے لیے روزگار اختیار کیا اور شناخت چھپانے کے لیے مردانہ لباس پہن رکھا تھا، اسے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی گئی جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر پھیل گئی۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد مقامی آبادی اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے ۔مذہبی و سماجی رہنماؤں اور علما ئے کرام نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے ۔