چوہنگ،شیخوپورہ ،گوجرانوالہ میں مبینہ مقابلے ،5ملزم ہلاک
لاہور ،گوجرانوالہ ،شیخوپورہ (کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)چوہنگ،شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے علاقوں میں مبینہ مقابلوں میں 5ملزم ہلاک اور3زخمی حالت میں گرفتارکرلئے گئے ،
پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی ٹیم ملزم رمضان کو ریکوری کے لیے چوہنگ کے علاقے میں لے جا رہی تھی کہ اس دوران گھات لگائے ملزم کے ساتھیوں نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیااور فائرنگ کی زد میں آکر زیر حراست ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والا ملزم اقدام قتل، ڈکیتی، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ادھرشیخوپورہ کے علاقے اسواں روڈ پر گشت کرتی سی سی ڈی پولیس نے تین موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا توانہوں نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کردی ، ایک ملزم مظہرعرف بگاسکنہ مانانوالہ اپنے ساتھیوں کی طرف بھاگا اورفائرنگ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کافائرلگنے سے ماراگیا جبکہ اس کے ساتھی فرارہوگئے ۔
دریں اثناگوجرانوالہ کے علاقے تھانہ واہنڈو کے ایریا میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں 30 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو فرحان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ اسکاساتھی علی حمزہ زخمی حالت میں پکڑاگیا۔ دوسری طرف سینسرہ گورائیہ میں سی سی ڈی سے مبینہ پولیس مقابلے میں ساتھیوں کی فائرنگ سے لدھیوالہ وڑائچ کارہائشی نویدانصاری اورمعافی والا کارہائشی امیرحمزہ مارے گئے ،دونوں منشیات فروشی اور راہزنی سمیت کئی سنگین مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ انکے تین ساتھی فرارہوگئے ،تھانہ کینٹ پولیس نے ناکہ بندی کے دوران فرار ہونے والے دو ریکارڈ یافتہ منشیات فروشوں عظیم اور ارسلان عرف نومی بٹ کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔