شیخوپورہ :مبینہ پولیس مقابلہ، منشیات فروش ہلاک،2ساتھی فرار

شیخوپورہ :مبینہ پولیس مقابلہ، منشیات فروش ہلاک،2ساتھی فرار

3ملزموں نے رکنے کی بجائے فائرنگ کر دی، عمران فیاض گولیوں کا نشانہ بن گیا چیچہ وطنی میں ملزم جمیل شدید زخمی حالت میں پکڑا گیا،لاہور کے ہسپتال منتقل

شیخوپورہ ،چیچہ وطنی(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا)شیخوپورہ میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ میں ایک منشیات فروش ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ،دوسری طرف چیچہ وطنی میں ایک مقابلہ کے بعد منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ کے علاقہ باوے دا کٹیا بل سی سی ڈی پولیس نے 3 موٹرسائیکل سوار وں کورکنے کا اشارہ کیا توانہوں نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کردی ۔پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو ملزموں کی طرف  سے ایک فائر کانسٹیبل ثاقب کو لگا تاہم بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی وجہ سے وہ محفوظ رہا۔ فائرنگ تھمنے پر سرچ آپریشن کے د وران وہاں سے فیروزوالا کا رہائشی عمران عرف فیاض زخمی حالت میں پڑامل گیا۔

جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ اس کے 2ساتھی فرار ہوگئے ۔زخمی عمران نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں ساجد وغیرہ کے ہمراہ منشیات کی سپلائی دینے جارہا تھا ، عمران کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ دم توڑگیا۔ملزم کے قبضہ سے 1200 گرام چرس بھی برآمدہوگئی۔ادھر چیچہ وطنی میں بیگم شہناز روڈ چک نمبر 40 بارہ ایل میں سی سی ڈی اور منشیات سمگلروں میں مقابلہ کے دوران رات سوا بارہ بجے جمیل بٹ سکنہ الفتح ٹاؤن کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا نامعلوم ساتھی فرار ہوگیا۔ ملزم کے قبضہ سے 113 گرام آئس اور ناجائز پسٹل بھی برآمد ہوا۔ تھانہ سی سی ڈی نے مقدمہ درج کرلیا اور جمیل بٹ کو شدید زخمی حالت میں لاہور ریفر کردیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں