موٹرسائیکلوں کو حادثات،4افراد جاں بحق ،5زخمی

موٹرسائیکلوں کو حادثات،4افراد جاں بحق ،5زخمی

لاہور کے علاقہ سندر میں 30 سالہ غفار ، شیخوپورہ میں مقبول ، علی دم توڑ گئے قصور میں 15سالہ زاہد بختیارچل بسا، تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

لاہور،شیخوپورہ ،قصور(کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا،خبر نگار )لاہور سمیت مختلف شہروں میں موٹرسائیکلوں کو حادثات،4افراد جاں بحق،5شدید زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ سندر میں تیز رفتار مسافر کوسٹر نے اڈا مل پر موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار 30 سالہ غفار مبارک دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ ادھر شیخوپورہ میں فیروزوٹواں کے نواحی علاقہ مکی525 کے قریب 2موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔

جس کے نتیجہ ایک موٹرسائیکل پر سوار مکی525 کا رہائشی 70 سالہ مقبول احمداور 60سالہ علی احمد موقع پر ہی دم توڑگئے جبکہ دوسرے موٹرسائیکل سوار اسامہ اورابوطلحہ شدیدزخمی ہوگئے ،دونوں موٹرسائیکلوں کے سوار وں کاتعلق ایک ہی گاؤں سے بتایاگیا ہے ۔علاوہ ازیں قصور میں پھولنگر کے علاقے انور ٹاؤن محلہ اسلام پورہ میں وین نے یوٹرن لینے والی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار 15سالہ زاہد بختیار موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 2 نوجوان شہزاد اور آغا شدید زخمی ہوگئے ،تینوں حادثات کے زخمیوں کو متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں