کراچی: 8روز سے لاپتا تاجر کی لاش بند فلیٹ سے مل گئی

 کراچی: 8روز سے لاپتا تاجر کی لاش بند فلیٹ سے مل گئی

ریحان 11 اپریل کو اپنی گاڑی میں دوست فیصل کیساتھ گھر سے نکلا ،واپس نہیں آیا ملزم نے مغوی کو دیگر افراد کے حوالے کردیا تھا،گرفتارفیصل کی نشاندہی پر لاش ملی

کراچی (سٹاف رپورٹر)8روز سے لاپتا تاجر کی لاش بند فلیٹ سے مل گئی، قاتل دوست کوگرفتارکرلیا گیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ سے لاپتا 52 سالہ ریحان نامی شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت ریحان احمد کے نام سے ہوئی جو ایف بی ایریا بلاک 14 کا رہائشی اور لیبارٹری مشینری کی فروخت کا کام کرتا تھا۔ ریحان 11 اپریل کو اپنی گاڑی میں ایک شخص کے ہمراہ گھر سے نکلا تھا اور واپس نہیں آیا، جس پر اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔تفتیش کے دوران جوہر آباد انویسٹی گیشن پولیس نے ایک ملزم فیصل امام الدین کو گرفتار کیا جو مقتول کا کزن بتایا جاتا ، اس کی نشاندہی پر ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع ایک رہائشی عمارت کے بند فلیٹ سے لاش برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق فلیٹ مجیب نامی شخص کا ہے ۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم فیصل نے ریحان کو مرکزی ملزم ضیا اللہ عرف نجیب عرف حیدر کے حوالے کیا، جہاں اس کے ساتھ 3 سے 4 دیگر افراد بھی موجود تھے ۔ ملزموں نے مبینہ طور پر ریحان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فلیٹ میں بند رکھا۔پولیس کے مطابق بعد ازاں ملزم فیصل کو سہراب گوٹھ پل کے قریب چھوڑ دیا گیا جہاں سے وہ اپنے گھر نیو کراچی چلا گیا۔ بعد میں پولیس نے اسے حراست میں لے کر تفتیش کی تو واقعہ بے نقاب ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ واقعہ میں ملوث دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں