کاہنہ :قبرستان سے 30سالہ شخص کی گلا کٹی لاش برآمد
شہزاد ولد خان محمد کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا:پولیس غالب مارکیٹ :ہوٹل کے کمرے میں نوجوان پر اسرار طور پر جاں بحق
لاہور،کاہنہ(کرائم رپورٹر،نمائندہ دنیا )کاہنہ کے علاقے میں قبرستان سے 30 سالہ شخص کی گلا کٹی لاش برآمد ،مقتول کو تیز دھار آلے سے شہ رگ کاٹ کر قتل کیا گیا ،دوسری طرف غالب مارکیٹ کے علاقہ میں نجی ہوٹل کے کمرے میں 30 سالہ نوجوان پر اسرار طور پر جاں بحق ہو گیا، پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایدھی ترجمان کے مطابق کاہنہ کے علاقہ پنجو گاؤں میں واقع قبرستان میں گزشتہ روز خون میں لت پت لاش پڑی دیکھ کر انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لئے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ 30 سالہ شخص کوتیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا ، مقتول کی شناخت شہزاد ولد خان محمد کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر دی۔ ادھر غالب مارکیٹ کے علاقے میں نجی ہوٹل میں رہائش پذیر 30 سالہ عدنان نثار مردہ حالت میں پایا گیا اطلاع پر پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ طبعی موت یا خودکشی معلوم ہوتا ہے ،تحقیقات جاری ہیں ۔