مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے ، ایک ملزم ہلاک، 5زخمی گرفتار

 مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے ، ایک ملزم ہلاک، 5زخمی گرفتار

گکھڑ منڈی میں ساجد مارا گیا، غازی آباد میں فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی

گوجرانوالہ،ننکانہ صاحب،چیچہ وطنی،غازی آباد(اے پی پی ،خبر نگار،نمائندہ دنیا، نمائندہ خصوصی)مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک، 5 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔بتایاگیا ہے کہ گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے اور کارروائیوں کے دوران ایک بدنام زمانہ خطرناک ملزم ہلاک اور 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق تھانہ گکھڑ منڈی پولیس سے مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ڈکیتی و چوری کے مقدمات میں انتہائی مطلوب ملزم ساجد ہلاک ہو گیاجبکہ تھانہ  صدر گوجرانوالہ پولیس کی کارروائی کے دوران6 سالہ بچے سے جنسی زیادتی کی کوشش کے مقدمہ ملوث ملزم قاری صدیق فرار ہوتے ہوئے ایکسیڈنٹ کی وجہ سے زخمی ہو گیا ،اسے گرفتار کر لیاگیا۔

تھانہ تتلے عالیٰ پولیس نے راہزنی کے مقدمات میں ملوث ملزم شاہزیب کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔ادھر ننکانہ صاحب میں تھانہ واربرٹن پولیس نے پنج احاطہ موڑ پرمبینہ مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے 6ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق وہ مختلف جرائم کے 19 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے ۔ دریں اثناء چیچہ وطنی کے تھانہ اوکانوالہ بنگلہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ملزم علی حیدر ولد شوکت گجر کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزم زناء بالجبر کے مقدمہ میں مطلوب تھاجبکہ غازی آباد میں رات گئے تھانہ صدر کی حدود فاریسٹ پارک کے قریب مبینہ مقابلہ میں زیر حراست ملزم احتشام فرار کی کوشش میں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، اس دوران ایک پولیس اہلکار فرحان عالم بھی زخمی ہو گیا، ملزم نے گزشتہ دنوں واپڈا دفتر کے سامنے 22 سالہ لڑکی کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں