کم عمر، بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں کیخلاف آج کارروائی
موٹر سائیکل پر ٹرپل سواری کرنیوالوں کیخلاف بھی آج جنرل ہولڈ اپ ہوگا
لاہور(کرائم رپورٹر ) کم عمر، بغیر لائسنس اور تین سوار موٹرسائیکلسٹس کے خلاف آج لاہور بھر میں جنرل ہولڈ اپ کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کارروائی کے دوران چالان کے ساتھ ساتھ کم عمر ڈرائیورز کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بھی بند کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سوار شہری ایک منٹ میں کسی بھی لائسنس سینٹر سے لرنر یا باقاعدہ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں، تاہم لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی ہرگز اجازت نہیں۔سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ کار یا موٹرسائیکل لائسنس رکھنے والے افراد کمرشل اور پبلک سروس وہیکل نہیں چلا سکتے ۔سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ لرنر پرمٹ یا ایکسپائرڈ لائسنس پر گاڑی چلانے والوں کو 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے والوں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا، محفوظ سفر کے پیش نظر موٹرسائیکل پر تین سوار افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی ۔