ٹریفک حادثات:باپ بیٹے سمیت 9افراد جاں بحق

 ٹریفک حادثات:باپ بیٹے سمیت 9افراد جاں بحق

اٹھارہ ہزاری میں کھڑی کا رکو ٹرالر کی ٹکرسے 4جاں بحق ،ایک زخمی ہوا خانپور روڈ پر موٹر سائیکل سوار3نوجوان،بوریوالا میں 2افراد چل بسے

اٹھارہ ہزاری،بوریوالا ،حطار(نمائندہ دنیا،نیوز ایجنسیاں ) ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے ۔اٹھارہ ہزاری کے نواحی علاقہ بھریڑی کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے سڑک کنارے کھڑی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے ،جن میں محمد عزیر ،میر عالم ، حاجی محمد اور عمران شامل ہیں جبکہ محمد عیسیٰ شدید زخمی ہوا۔ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمی کو سول ہسپتال اٹھارہ ہزاری منتقل کر دیا ، حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہو گیا ،مقدمہ درج کر لیا گیا۔

بوریوالا میں وہاڑی روڈ پر ماچھیوال کے قریب تیز رفتار وین نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عبدالرزاق آرائیں اور اس کا بیٹا حماد موقع پر ہی دم توڑ گئے ،ذرائع کے مطابق باپ بیٹا قربانی کے جانور خریدنے کے لیے مویشی منڈی جا رہے تھے کہ حادثہ کاشکار ہو گئے ، خانپور روڈ پر چٹی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس سے 3نوجوان جاں بحق ہوگئے ، حادثہ کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کا تعلق راولپنڈی سے بتایا گیا ہے ،لاشیں ٹائپ ڈی ہسپتال خانپور منتقل کر دی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں