مبینہ پولیس مقابلہ،ڈکیتی کے 2ملزم، راہگیر ہلاک،سی سی ڈی اہلکار زخمی
قومی شاہراہ میں کارسوار ملزموں کی سی سی ڈی پر فائرنگ،جوابی کارروائی میں امین،احمد مارے گئے بشیراحمد فائرنگ کی زد میں آگیا،زخمی کانسٹیبل ساجد ہسپتال منتقل، 1ڈاکو فرار،لاشیں ہسپتال منتقل
رحیم یار خاں ،لیاقت پور،ترنڈہ محمد پناہ (نمائندہ خصوصی،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ دنیا )قومی شاہراہ پرسی سی ڈی اور کارسوارملزموں میں مبینہ مقابلہ’ فائرنگ کے تبادلہ میں لودھراں پولیس کوسنگین وارداتوں میں مطلوب بوکہ گینگ کے 2ملزم مارے گئے ، فائرنگ کی زدمیں آکرراہگیرجاں بحق، پولیس کانسٹیبل زخمی، ایک کو سی سی ڈی نے گرفتارکرلیا، ایک موقع سے فرارہوگیا ،کار پر سوار ڈاکو قومی شاہراہ پرصادق آبادسے ملتان جارہے تھے ، مارے جانیوالے ڈاکوؤں کی لاشیں ہسپتال منتقل۔ تفصیل کے مطابق سی سی ڈی لودھراں نے سی سی ڈی انسپکٹرعبدالہادی کواطلاع دی کہ قومی شاہراہ پر کار پرچار مشکوک افرادسوارہیں، ملتان کی جانب جارہے ہیں جس پر سی سی ڈی اہلکاروں نے کارپرسوارمشکوک افراد کاتعاقب شروع کیا تو کارپرسوار افراد نے ٹرک اڈا کے نزدیک سی سی ڈی اہلکاروں پر اندھادھندفائرنگ شروع کردی جس پر سی سی ڈی جوانوں نے بھی بھرپورجوابی کارروائی کی جس کے نتیجہ میں لودھراں کارہائشی امین عرف علی اورکہروڑ پکاکا احمد ماراگیا ، ایک ساتھی کوسی سی ڈی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا جبکہ ایک موقع سے فرارہو گیا، دن دیہاڑے ہونیوالے اس مقابلے کی زد میں آکر ملک پورکارہائشی راہگیربشیراحمد جاں بحق ہوگیاجبکہ فائرنگ کے تبادلہ میں لودھراں پولیس کاکانسٹیبل ساجد بھی زخمی ہوگیاجسے فوری طورپر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔مارے جانیوالے ڈاکو لودھراں پولیس کو48سے زائدسنگین مقدمات میں مطلوب تھے ۔ ڈاکوؤں اور راہگیر کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ۔