مختلف شہروں میں 10 مبینہ پولیس مقابلے، 13 ملزم ہلاک، 3 زخمی گرفتار
فیصل آبادکے علاقہ روشن والا میں رمضان، آصف، وارث اور تنویر ، رضا آباد اشرف ، نشاط آباد میں اشفاق ہلاک ہوا گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں محمد شہزاد ، عابد، امیر حمزہ ، ندیم مسیح اور صلاح الدین ،اوکاڑہ میں بھی ایک مارا گیا
لاہور، فیصل آباد ،اوکاڑہ،حجرہ شاہ مقیم (مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان دنیا،نیوز ایجنسیاں) پنجاب کے مختلف شہروں میں 10مبینہ پولیس مقابلے ، ایک ہی روز 13 ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک جبکہ 3کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا،فیصل آباد میں مقابلہ کے دوران اے ایس آئی شدید زخمی ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ روشن والا کے علاقہ میں مبینہ مقابلہ میں پولیس کی جعلی نمبر پلیٹ لگا کر کار پر ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والے 4 ملزم ہلاک ہو گئے ،ا س دوران گولی لگنے سے اے ایس آئی وارث شدید زخمی ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت رمضان عرف سیف، آصف، وارث علی اور تنویر کے ناموں سے ہوئی جو مختلف تھانوں کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے ۔علاوہ ازیں تھانہ رضا آباد کے علاقے میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت اشرف کے نام سے ہوئی،اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔
تھانہ نشاط آباد کے علاقے میں بھی مبینہ مقابلے میں ڈکیتی کا ایک ملزم اشفاق مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے ۔تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے میں مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ادھر گوجرانوالہ کے تھانہ واہنڈو کی حدود میں ڈکیتی، رہزنی، چوری اور دوران واردات شہری کے قتل سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب 2 بین الاضلاعی ڈاکو شہزاد اور عابد علی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے ،ہلاک ملزمان 30 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھے ۔ اسی طرح تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، رہزنی سمیت 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب 2 خطرناک ملزم امیر حمزہ اور ندیم مسیح بھی مبینہ مقابلے کے د وران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ ان کے 2 ساتھی فرار ہوگئے ۔
تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ہی سی سی ڈی گوجرانوالہ سے مقابلے میں خطرناک ملزم صلاح الدین عرف کاکوبھی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ، اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے ۔ ادھر اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں قومی شاہراہ بائی پاس پر سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے کے دوران ڈکیتی کاایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ ہلاک ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔علاوہ ازیں پھلائی والا قبرستان حجرہ شاہ مقیم کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ایک ملزم قربان شاہ کو گرفتار کر لیا گیاہے ،ملزم چوری سمیت 28 سنگین مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ ہے ۔دریں اثنا ساہیوال کے نواحی علاقے 96 نائن ایل کے قریب سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں خطرناک ملزم تنویر ہلاک جبکہ 2 ساتھی فرار ہوگئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم 84 سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا ۔ پولیس نے تمام مقابلوں میں ہلاک ملزموں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا ہے ، فرار ملزموں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیئے گئے ہیں۔