فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،چارسدہ میں مبینہ مقابلے ،5ملزم ہلاک
ملزم امین 5سالہ بچی کے اغوامیں ملوث ، زبیر عرف زبیری منشیات فروش تھا ڈاکو سفیان ریکارڈ یافتہ ، ملزم ایمل اور اشرف مختلف کیسزمیں مطلوب تھے
فیصل آباد،گوجرانوالہ ،پشاور (نیوزایجنسیاں ) فیصل آباد،گوجرانوالہ اورچارسدہ میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 5ملزم ہلاک ہوگئے ۔بتایاگیاہے کہ فیصل آباد میں ملزم بلال امین نے 5سالہ بچی کے گھر کے سامنے سے موٹرسائیکل میں پٹرول ڈلوایا پھر وہ بچی کو موٹر سائیکل پر اغواکرکے لے گیا،پولیس نے بچی کوبحفاظت بازیاب کروایاجبکہ ملزم بلال امین مقابلے میں ماراگیا جس کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈہسپتال منتقل کردی گئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بازیاب کروائی گئی بچی کا والد سکیورٹی گارڈ ہے ۔ ادھر تھانہ سٹی جڑانوالہ پولیس نے لاہور روڈ پنجاب ہسپتال کے قریب ناکہ بندی پر ایک مشکوک کار کو روکنے کی کوشش کی تو کار سواروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی اور فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ملزموں کا تعاقب کرتے ہوئے 240 موڑ کے قریب گھیر لیا۔
دو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس نے ایک ملزم درجن سے زائدمقدمات میں مطلوب منشیات فروشزبیر عرف زبیری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ دریں اثنا گوجرانوالہ کے تھانہ گکھڑ منڈی پولیس سے مقابلہ میں گکھڑ میں شہری کو واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر گولی مار کر زخمی کرنے والا اور 40 سے زائد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ خطرناک بین الاضلاعی ڈاکو سفیان اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔دوسری طرف چارسدہ میں پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ شاہی کولالئی روڈ پر قتل، اقدامِ قتل اور رہزنی کے مقدمہ میں مطلوب ملزموں ایمل اور اشرف کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی،جس پر پولیس موقع پر پہنچی توملزموں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جبکہ جوابی فائرنگ میں دونوں ملزم ہلاک ہو گئے ۔