ساندہ :ستھرا پنجاب کے ملازم کی کھمبے سے لٹکی لاش برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ ساندہ کے علاقے میں ستھرا پنجاب کے ایک ملازم کی کھمبے سے لٹکی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نےجاں بحق ہونے والے ملازم کے بیٹے کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرکے لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ساندہ کے علاقے میں ستھرا پنجاب کے صفائی کارکن کی لاش کھمبے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کارکن کی لاش تار کے ذریعے کھمبے سے لٹک رہی ہے ۔متوفی کی شناخت اکبر ولد لال مسیح کے نام سے ہوئی، جو شیراکوٹ کا رہائشی تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش مردہ خانے منتقل کر دی۔پولیس نے متوفی کے بیٹے وقار کے بیان پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ وقار نے ایف آئی آر میں مو قف اختیار کیا کہ اس کے والد اکبر مسیح کو نامعلوم ملزموں نے تار کے ذریعے پھانسی دے کر قتل کیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔