چوہنگ:بیوی ،ساس،سسراور سالے کو قتل کرنےکے بعد ملزم کی خود کشی
عمران شوکت کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی ،بیوی سمیعہ ناراضگی کے باعث وہیں مقیم تھی،ملزم لے جانا چاہتا تھا ملزم نے سسر علی خان، سالے ذیشان ، ساس شمائلہ اور بیوی پر فائرنگ کے بعد اپنے سرمیں بھی گولی مار لی
لاہور(کرائم رپورٹر، لاہور نیوز،این این آئی) چوہنگ میں 25 سالہ ملزم نے بیوی، ساس، سسر اور سالے کو قتل کر کے خودکشی کر لی، پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق چوہنگ کے علاقے برکت کالونی میں 25 سالہ عمران شوکت گزشتہ روز سسرالی گھر گھس گیا اوراس نے آتشیں اسلحہ سے اپنے سسر علی خان،برادر نسبتی ذیشان خان، ساس شمائلہ بی بی اور بیوی سمیعہ بی بی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ چاروں موقع پر ہی دم توڑ گئے ،واردات کے بعد ملزم عمران شوکت نے اپنے سر میں بھی فائر مار کر خودکشی کرلی ۔ذرائع کے مطابق ملزم عمران شوکت کی 6 ماہ قبل سمیعہ بی بی سے شادی ہوئی تھی اور سمیعہ بی بی مبینہ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی ، ملزم اپنی اہلیہ کو اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا لیکن سسرال والے انکار کرتے رہے ۔
اسی رنجش پر گزشتہ روز ملزم رائفل لے کر صبح سویرے برکت کالونی اپنے سسرال پہنچ گیا اور اس نے ساس،سسر، برادر نسبتی اور بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی، اطلاع ملنے پر تھانہ چوہنگ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔جبکہ تھانہ چوہنگ نے 4 افراد کے قتل کا مقدمہ مقتولہ سمیعہ بی بی کے بھائی عثمان خان کی مدعیت میں درج کر لیا ہے ۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم عمران شوکت نے میری بہن ، والد ، والدہ اور بھائی کو قتل کیا۔ملزم نے اپنے والد شوکت بھائی فیضان ، رضوان اور عثمان کے ایما پر قتل کئے ۔
ملزم کے خلاف ہم نے تھانہ سندر میں بہن کو اغواء کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا،اس وجہ سے ملزم نے آج میر ے والد ، والدہ بہن اور بھائی کو قتل کیا۔دریں اثناء مقتول ذیشان کے کزن فیصل کا کہنا ہے عمران نے میری کزن سمیعہ سے زبردستی نکاح کیا تھا اس کا تھانہ سندر میں مقدمہ بھی درج ہے ،ملزم ایک ماہ جیل میں بھی رہا، ملزم شادی شدہ اور 3 بچوں کا باپ تھا۔ پولیس نے ملزم عمران کو متاثرہ خاندان کے گھر تک چھوڑنے والے شخص اورملزم کے 2 بھائیوں کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments