اوکاڑہ:200روپے کے تنازع پر نوجوان قتل
عبیداللہ نے ملزم طارق سے کیلے خریدے ، لین دین پر جھگڑا ہوگیا عبدالرحمان بھائی کیساتھ شکوہ کرنے آیا توملزموں نے چھریاں ماردیں مقتول دوروز قبل بھائی کی وفات پر بیرون ملک سے آیا تھا،مقدمہ درج
اوکاڑہ (خبرنگار)اوکاڑہ میں 200 روپے کے لین دین کے تنازع پر نوجوان کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔ مقتول دو روز قبل ہی اپنے بھائی کی وفات پر بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ سیٹھ کالونی میں علی رضا ہوٹل کے قریب عبیداللہ نے طارق عرف تارا سے کیلے خریدے ، 200 روپے کے لین دین پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا۔ طارق عرف تارا اور اس کے بھائی ماجد عرف ماجو نے مبینہ طور پر عبیداللہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم موقع پر موجود افراد نے جھگڑا ختم کرا دیا۔کچھ دیر بعد عبیداللہ اپنے بھائی سعید اور عبدالرحمان کے ہمراہ ملزموں کی دکان پر شکوہ کرنے گیا تو طارق، ماجد اور ان کے ساتھیوں سے دوبارہ جھگڑا ہوگیا۔
اس دوران ماجد نے مبینہ طور پر چھری کے پے در پے وار کرکے عبدالرحمان کو قتل کردیا اور ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا۔اطلاع ملنے پر تھانہ اے ڈویژن کے ایس ایچ او پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے ضروری کارروائی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردی۔پولیس تھانہ اے ڈویژن نے دو نامزد اور 7 نامعلوم ملزموں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم کے والد اور بھائی کو حراست میں لے لیا جبکہ ماجد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول کا بھائی ایک، دو ماہ قبل وفات پا گیا تھا اور وہ اس کی وفات پر دو روز قبل بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments