مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ، 12افراد جاں بحق

مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات ، 12افراد جاں بحق

راولپنڈی میں واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار میاں، بیوی اور بیٹے کو کچل دیا ہری پور میں 5افراد اوردریائے نیلم میں گاڑی گرنے سے 4طلبہ جاں بحق

 راولپنڈی ،ہری پور ،مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز) راولپنڈی،ہری پور اور مظفر آباد میں ٹریفک حادثات کے نتیجہ میں میاں بیوی اور بیٹے سمیت 12افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی چکری روڈ پر واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار میاں،  بیوی اور ان کے 3 سالہ بیٹے کو کچل دیا، تینوں موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 32 سالہ افضال احمد، ان کی 27 سالہ اہلیہ حاجرہ افضال اور 3 سالہ بیٹا ریحان احمد شامل ہیں۔ حادثہ تھانہ چونترہ کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے تینوں لاشیں ڈی ایچ کیوہسپتال منتقل کردیں ، ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیاتھاجسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل کو واٹر ٹینکر کے ساتھ ٹکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، پولیس نے واٹر ٹینکر قبضے میں لے لیا ۔ ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی اور ان کے بیٹے سمیت 3 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ ادھر ہری پور اور مظفر آباد میں ٹریفک حادثات میں 4طلبہ سمیت 9افراد جاں بحق ہو گئے ،

پولیس کے مطابق ہری پور سرائے صالح کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹرک اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا، جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق ہری پور کے علاقے درویش سے تھا۔ متاثرہ افراد ایبٹ آباد میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے ۔علاوہ ازیں دریائے نیلم میں گاڑی گرنے سے 4 بچے جاں بحق ہوگئے ۔ واقعہ وادی نیلم میں نگدر گھوڑے نکہ کے قریب پیش آیا ۔ حادثے میں ڈرائیور اور 3 بچوں سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے ، گاڑی میں سوار بچے سکول جارہے تھے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو دریا سے نکال کر مقامی ہسپتال منتقل کرد یا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 بھائی بھی شامل ہیں جبکہ حادثہ کا شکار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...