وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب کو لاہور میں ہونیوالی ورلڈ پنجابی کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول
چندی گڑھ(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے کہا ہے کہ انہیں لاہور میں ہونے والی ورلڈ پنجابی کانفرنس میں شرکت کا دعوتی خط موصول ہوا ہے جس میں ان کی میزبانی کی پیشکش کی گئی ہے تاہم وہ وہاں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔
قانون ساز اسمبلی (ودھان سبھا) میں گفتگو کرتے ہوئے بھگونت مان نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ مجھے تو یہ فرانس وغیرہ اور جاپان والی طرف نہیں جانے دیتے ، پاکستان تو کہاں جانے دیں گے ؟،تاہم انہوں نے خطے کے ثقافتی اشتراک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اطراف کا کلچر ایک جیسا ہے ، اور انڈین پنجاب سے بھی بہت سے شاعر اس کانفرنس میں شرکت کے لیے جائیں گے ۔خطے میں میل ملاپ ہونا چاہیے ۔اس موقع پر ودھان سبھا کے سپیکر نے دلچسپ مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ‘سی ایم صاحب! اگر آپ کو اجازت مل گئی تو ہمیں بھی ساتھ لے چلیے گا۔ بھگونت مان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پوری ودھان سبھا کے ارکان چاہے وہ حکومتی بینچوں پر ہوں یا اپوزیشن میں سپیکر کی قیادت میں کرتارپور صاحب جائیں۔انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ اگر کرتارپور صاحب کی راہداری کھل جائے تو جا کر ماتھا ٹیک کر آئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments