حافظ آباد: ڈرائیور کو اونگھ ‘بس نالے میں جاگری ، 5 مسافر جاں بحق
پنڈی بھٹیاں،حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا ) فتح کی فلائی اوور کے قریب ڈرائیور کو نیند آ جانے کے باعث تیز رفتاری کے باعث بس سیم نالے میں جا گری،
حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق 65 سے زائد افراد بس میں سوار ہو کر چناب نگر ضلع چنیوٹ کے علاقہ میں منعقد ہونے والی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں فتح کی فلائی اوور کے قریب ڈرائیور کو اونگھ آ گئی جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سیم نالے میں جا گری ،حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 5 افراد ارسلان، محمد علی، عادل، محمد مذکر مبین اور محمد احمد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو بس سے نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔دوسری جانب پولیس تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں نے ڈرائیور ذوالفقار علی اور ایکسپریس کمپنی کے مالک کیخلاف غفلت اور روٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ بس ڈرائیور حادثہ کے بعد فرارہوگیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو زخمی مسافروں کو ہرممکن طبی سہولتیں مہیا کرنے کا حکم دیا ۔ڈپٹی کمشنر سید حسین بہادر اور ڈی پی او فواد احمد نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں زخمیوں کی عیادت کی اورعلاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں رب دینو،ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید اور ایم ایس ڈاکٹر اسد نے انہیں حادثہ اور زخمیوں بارے بریفنگ دی ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق بس ڈرائیور نے پٹرول بچانے کی خاطر صاف راستہ اور مین شاہراہ کو چھوڑ کر دیہات سے گزرنے والے تنگ شارٹ کٹ راستہ اختیار کیا جبکہ مسافروں کے مطابق ڈرائیو ر کی تیز رفتاری اور سو جانے کے باعث حادثہ پیش آیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments