شاہدرہ ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ،زیرحراست ملزم ہلاک
شاہزیب کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے ، ساتھیوں نے فائرنگ کردی:پولیس دو روز قبل ملزم نے جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے کا ویڈیو بیان دیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زیرحراست ملزم ہلاک ہو گیا ، ملزم شاہزیب نے دو روز قبل عدالت کے باہر پولیس کی جانب سے اسے جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے کا ویڈیو بیان دیا تھا ۔پولیس کے مطابق تھانہ شاہدرہ ٹاؤن کے اہلکار ڈکیتی وبھتہ خوری کے گرفتار ملزم شاہزیب کو پستول کی ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے کہ راستے میں اس کے نامعلوم ساتھیوں نے اسے چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی،گولیوں کی زد میں آکر شاہزیب مارا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے ۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مقابلے میں مرنے والے شاہزیب کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھیوں کو ہاف فرائی کر دیا گیا ہے ، اب پولیس اس کو جعلی پولیس مقابلے میں پار کر دے گی۔ادھر ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ریکارڈ یافتہ تھا ، اس کیخلاف لاہور اور گوجرانوالہ میں ڈکیتی و بھتہ خوری کے متعدد مقدمات درج ہیں،بھتہ خوری کی ویڈیو بھی موجود ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments