بنگلا دیش کیخلاف سیریز: قومی کرکٹرز کی پریکٹس، خوب پسینہ بہایا
راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فیلڈنگ سیشن میں شرکت کی جہاں انہوں نے خوب پسینہ بہایا۔
ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کپتان شان مسعود، بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا، خرم شہزاد، عامر جمال نے کوچز کی زیر نگرانی دو گھنٹے ٹریننگ میں حصہ لیا۔
ٹیسٹ سکواڈ میں شامل 8 کھلاڑی سعود شکیل، کامران غلام، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سرفراز احمد پاکستان شاہینز کا حصہ ہیں جو بنگلا دیش اے کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کے بعد پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔
بنگلادیش اے ٹیم نے بھی اسلام آباد کلب میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، بارش کے باعث کھلاڑیوں نے صرف فٹنس ٹریننگ میں حصہ لیا۔
پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے درمیان پہلا چار روزہ میچ 13 اگست سے کھیلا جائے گا۔