شرجیل میمن کی نئی فلم اور ڈرامہ نویسوں کی خصوصی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے نئی فلم اور ڈرامہ نویسوں کی خصوصی حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایات دے دیں۔
شرجیل میمن کی زیرِ صدارت کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کا پہلا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ڈرامے، فلم اور دیگر متعلقہ تخلیقی کاموں کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کا قیام معاشرتی نشو نما کے فروغ کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے لکھنے والوں اور تخلیقی ڈرامے اور فلمیں بنانے والے پروڈکشن ہاؤسز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تخلیقی کام کو بورڈ کی منظوری کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے ضروری مالی معاونت بھی مہیا کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کو مؤثر بنانے کے لیے اراکین نے تجاویز بھی پیش کیں۔